لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے 100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کردیا۔ پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، مشیر عمر سرفراز چیمہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے شادمان مارکیٹ میں احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے بسم اللہ جنرل سٹور سے پنجاب احساس راشن پروگرام کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 80لاکھ خاندانوں کیلئے 100ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے۔ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی 40فیصد تک سستا ملے گا۔ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹورز سے40فیصد رعایت پر آٹا، گھی، تیل اور دالیں خرید سکیں گے۔ مزید اشیاء خوردونوش کو پروگرام میں شامل کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ احساس پروگرام ہمارے لیڈر عمران خان کا ویژن ہے۔ احساس پروگرام کا دائرہ کار گلی محلے تک وسیع کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ غریب طبقے کیلئے 40فیصد کی رعایت بہت بڑی رعایت ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تین اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایا گیا ہے۔ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام سے سیلاب متاثرین کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔ رجسٹریشن کا عمل 2ہفتے تک جاری رہے گا۔ ابتدائی طورپر پنجاب حکومت نے سو ارب روپے اس پروگرام کیلئے رکھے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر اس رقم میں مزید اضافہ کریں گے۔ غریب آدمی کو ریلیف دینا عمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس بالکل صحیح ہے۔ رانا ثناء اللہ کوماڈل ٹاؤن کیس میں عمر قید ہونی ہے۔ رانا ثناء اللہ صرف بڑھکیں مارتا پھرتا ہے، اس نے ایسے پکڑے جانا ہے کہ پھر بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ ان لوگوں کو صرف جھوٹے کیس بنانا آتے ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ سب بڑھکیں مارتے ہیں، نہ کچھ کرسکتے ہیں نہ کچھ ان سے ہوتا ہے۔ زرداری سے کافی عرصہ ہوا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ایک بھی پکڑا گیا تو اس ٹولے کے باقی لوگ خود بھاگ جائیں گے۔ پرویزالٰہی نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف جتنے مرضی مقدمے بنالیں یہ خود شرمندہ ہوں گے۔ عمران خان کے خلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سارے افسر بھی لے جائے، پھر بھی پنجاب چلتا رہے گا اوراب بھی پنجاب بہترین چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ RUDA کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ پرانے قبضہ گروپوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ حکومت پنجاب کی اراضی کا قبضہ واگزار کرائیں گے اور قبضہ مافیا کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورت حال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، ہمیشہ غریب کو ریلیف دینے کے لیے خلوصِ نیت سے کام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے 2 موبائل ہیلتھ یونٹ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیج دئیے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سندھ سمیت دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔