اسلام آباد (خبرنگار) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک تو جعل سازی کی اور پھر اس خوف سے کہ پکڑا نا جاؤں سائفر ہی غائب کر دیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ سائفر صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ریاست پاکستان کی امانت ہے اور قومی امانتوں میں خیانت کرکے ریاست کے مفادات کو پامال کرنے والے کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے تاکہ پھر کسی فارن ایجنٹ کو ڈالروں کے عوض سیاسی بھیس بدل کر ملک کو نقصان پہنچانے کی ہمت نا ہو۔ مریم نواز نے مزید کہا اب رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو کہتا ہے مجھ سے سائفر گم ہوگیا۔ دریں اثناء مریم نواز نے عمران خان کے ٹیکسلا جلسے پر ردعمل میں کہا کہ اس کا سارا مسئلہ ہی یہ ہے پہلے ان سے چھپ چھپ کر ملتا ہے، پیر پکڑتا ہے، این آر او مانگتا ہے۔ جب وہاں سے انکار ہوتا ہے، بات نہیں بنتی تو پھر یہ گھٹیا پن پر اتر آتا ہے۔ اسے کہتے ہیں فتنہ۔