جنرل باجواہ کی گوتریس کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات ، سیلاب ، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال 

Oct 03, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک بھر میں سیلاب سے پیدا ہونے والی قدرتی آفت سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے اقوام متحدہ کے بنیادی اقدار کے فروغ اور بحران کے دوران فوری ردعمل میں اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر کے دفتر کے کردار کو سراہا۔ اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے اقوام متحدہ کے امن مشن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی کامیابیوں میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

مزیدخبریں