عمران کو جھوٹے مقدمے میں نہیں پکڑیںگے‘  سازش کا بیانیہ مٹی میں مل گیا: احسن اقبال

Oct 03, 2022

نارووال (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی جھوٹے مقدمے میں نہیں پکڑیں گے۔ عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کیلئے تاریخ کا خطرناک کھیل کھیلا۔ ان کا سازش کا بیانیہ مٹی میں مل گیا۔ انہوں نے ذاتی مفادات کیلئے عوام کو استعمال کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کو ورغلانے کی پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے لوگوں کو استعمال کیا گیا۔ ہسپتال کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کرکے سیاست کیلئے استعمال کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی حالیہ لہر عمران خان کا دیا ہوا تحفہ ہے جس سے پوری قوم پس رہی ہے۔ پی ٹی آئی کا ہر شخص دعوے کرتا ہے کہ ہم نے بڑی اچھی معیشت چھوڑی جبکہ حقیقت اس کے الٹ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قوم نے مسترد کردیا ہے اور اب کہہ رہا ہے کہ مجھ سے سفارتی سائفر گم ہو گیا ہے جواس بات کا اعتراف ہے کہ عمران خان نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ جو شخص پاکستان کی حساس دستاویزات کو نہیں سنبھال سکتا جو ملک کی پراپیگنڈا پراپرٹی ہے۔ نہ جانے عمران خان نے ملک کی کون کون سی حساس دستاویزات اور معلومات کو  کہاں کہاں پہنچایا ہے۔
احسن اقبال

مزیدخبریں