لاہور (نامہ نگار) چونا منڈی کے علاقے میں جوتوں کے گودام میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ موتی بازار میں جوتوں کے گودام میں آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے اونچے شعلے بلند ہوتے رہے۔ میلوں دور تک کالے دھویں کے بادل دکھائی دیتے رہے۔ ریسکیو 1122 کی فائر سروس، پولیس، ایدھی عملہ ودیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ملحقہ عمارتوں کے مکین باہر نکل آئے۔ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ گودام میں جوتے، کیمیکل اور سلوشن موجود ہونے کے باعث آگ پر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا۔ تنگ گلیاں ہونے کے باعث بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جوتوں کے گودام سے ملحقہ دکانوں کے مالکان نے اپنی دکانوں سے سامان نکالنا شروع کردیا۔ ریسکیو ٹیموں کی آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی سرگرمیاں رات گئے تک جاری رہیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
آگ
موتی بازار: جوتوں کے کارخانے میں آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان
Oct 03, 2022