راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے عشقِ رسول ؐ ہی وہ قوت ہے جس سے کائنات تسخیر کی جا سکتی ہے اتباعِ رسولِ مقبول ؐ میں وہ تاثیر ہے اس سے انقلاب بر پا ہوتے ہیں، احترامِ انسانیت کا جذبہ بڑھتا ہے اور مخلوقِ خدا کی بھلائی کا ذوق پیدا ہوتا ہے وہ دربارِ عالیہ غوثیہ منوریہ ڈھیر شریف اٹک میں پیر سید منور حسین شاہ گیلانی کے 26ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں منعقدہ محفلِ پاک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا خانقاہی نظام عشقِ رسول مقبول ؐ کے فروغ کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ اولیا اللہ نے اس جذبے سے سرشار ہو کر لوگو ں کے دلوں کو مسخر کیا ۔آج ہم جس ہستی کے عرس کی تقریب میں جمع ہیں انہیں یہ مقام اور شرف فقط اتباعِ رسولِ مقبول ؐ اور شریعتِ مطہرہ پر مضبوطی سے کار بند ہونے کی بدولت حاصل ہوا۔عرس شریف کی محفل میں عاشقانِ مصطفی ؐ، علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عرس شریف کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمدحسان حسیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین اور متاثرینِ سیلاب کی آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔
پیرحسان حسیب الرحمن
اتباعِ رسولِ سے ہی احترامِ انسانیت کا جذبہ بڑھتا ہے،پیرحسان حسیب الرحمن
Oct 03, 2022