کوئٹہ( این این آئی ) چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر مہوش جنجوعہ نے کہا ہے کہ ایوان صنعت و تجارت میں خواتین کو نمائندگی دینا خوش آئند ہے ،اس سے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے ،خواتین کو تمام شعبوں میں برابرکی بنیاد پر نمائندگی دیئے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان اور صوبے کا نام روشن کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایوان صنعت و تجارت میں نمائندگی دینے سے تعلیم یافتہ خواتین معاشی طور پر مستحکم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرن انچیف چمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان حاجی فاروق خلجی کی کاوشوں سے بزنس کمیونٹی کا وقار بحال ہوا۔انہوں نے نومنتخب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر آغا گل خلجی اور نائب صدر عبدالاحدآغا اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کی تاجر برادری کو درپیش مشکلات و مسائل کی حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔