ماسکو‘ کیف (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) یوکرائن کے صدر نے کہا ہے کہ روس کے زیرقبضہ لیمان شہر کو روسی فوجیوں سے خالی کروا لیا ہے۔ ادھر خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوج گزشتہ روز لیمان شہر کے محاصرے کے بعد شہر میں داخل ہو گئی تھی۔ خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی فوج کے محاصرے کے بعد روس نے لیمان سے اپنی فوج نکالنے کا کہا تھا۔ ماسکو کی جانب سے بھی فوج پیچھے ہٹانے کی تصدیق کر دی گئی۔ لیمان نامی علاقے کو ایک روز پہلے ہی ضم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یوکرائنی وزارت دفاع نے ٹوئٹر پر اپنے فوجیوں کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں یوکرائنی فوجی قومی پرچم اٹھائے قصبے میں موجود ہیں۔ یوکرائن کی مشرقی افواج کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کئی ہزار روسی فوجیوں کو لیمان کے قریب گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ روسی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہتر پوزیشن پر لانے کے لئے اپنے فوجیوں کو لیمان سے پیچھے ہٹایا ہے۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوتن کے ترجمان نے کہا ہے کہ فوج میں مزید جوانوں کو بھرتی کرنے کا منصوبہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کو روسی صدارتی ترجمان نے بتایا کہ ابھی فوجی رجسٹریشن اور اندراج کے دفاتر پر حالیہ فوجی بھرتیوں کی وجہ سے بہت زیادہ بوجھ ہے، اس فیصلے کی بدولت ہنگامی اور معمول کی بھرتیوں کے بہائوکو الگ کرنا آسان ہوگا۔ دریں اثناء پوپ فرانسس نے یوکرائن میں جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملکوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہئے۔
یوکرائن