اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان میں انڈونیشیا کے سفارتخانے نے پاکستان ہلال احمر سوسائٹی اور سفارتی عملہ کے ارکان اور انڈونیشیائی طلبا کے تعاون سے عطیہ خون کے کیمپ کا انعقاد کیا ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا کا سفارت خانہ اورپاکستان ہلال احمر سوسائٹی2016 سے پاکستانی بھائیوں اوربہنوں کی سہولت کے لیے خون کے عطیات اکٹھے کرنے کے لئے کیمپ کے انعقاد میں تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان ہلال احمر ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر ایک محفوظ انتقال خون کے پروگرام پر عمل پیرا ہے اور کمیونٹی کو محفوظ معیاری خون کی فراہمی میں بہت ذمہ دار ہونے کے لیے جانا جاتا ہے جو کار خیر کے جذبے اور رضاکارانہ، بلا معاوضہ خون کے عطیہ کے اصول کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹیوگیو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جان بچانا انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے اور خون کا عطیہ ضرورت مند مریضوں کی جان بچا سکتا ہے اور اس کیمپ کا مقصد جان بچانے میں مدد کے لیے خون کے باقاعدہ عطیات کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ڈینگی وبا کا سامنا ہے اور پورے پاکستان میں خون کی منتقلی اور پلیٹ لیٹس کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کی وجہ سے پاکستان کو خون کی فراہمی کی اضافی ضرورت ہے اور کوویڈ۔19 کے دوران خون کے عطیہ دہندگان کی کمی کی وجہ سے چیلنج بڑھ گیا ہے۔پاکستان میں اردن کے سفیر ابراہیم المدانی نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ایک اہم مہم کا حصہ بن کر دلی مسرت ہوئی ہیکیونکہ اس سے مسلمان بھائی بہنوں کی زندگیاں بچانے یا صحتیابی میں مدد مل سکتی ہے۔ خون کے عطیہ کیمپوں سے عام لوگوں اور خاص طور پر نوجوانوں میں بلڈ سیفٹیاور ٹرانسفیوژن سے منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام میں مددملتی ہے۔ خون کے عطیہ کے ساتھ اس سے منسلک خوف اور توہمات کو دور کر کے رضاکارانہ خون کے عطیہ کے تصور کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انڈونیشیا کے سفیر ٹوگیو نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی پوری ٹیم اور نوجوانوں سمیت تمام خون عطیہ دہندگان کو رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے اور دوسروں کو ساتھ ملانے اور ایک نیک مقصد کی حمایت کرنے کی ترغیب دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔اس موقع پر پی آر سی ایس کی ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ جمع شدہ خون تھیلیسیمیا ، ہیموفیلیا ، کینسر، ڈائیلاسز اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی جان بچانے اور علاج معالجہ کے لئے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں مہیا کیا جائے گا۔
ایڈم ایم ٹیوگیو
انڈونیشیا کے سفارتخانے کاہلال احمرکے تعاون سے عطیہ خون کیلئے کیمپ
Oct 03, 2022