ملتان (خبر نگار خصوصی) نہم جماعت کے غیر تسلی بخش امتحانی نتائج پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا نوٹس، غیر متوقع رزلٹ کی وجوہات جاننے کے لیے ڈویژن کی سطح پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دے کر تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاول پور تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نہم جماعت کے سالانہ امتحان 2022 میں غیر تسلی بخش نتائج پر سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے نوٹس لے لیا ہے۔ڈویژنل سطح پر قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں انتظامی افسران، اساتذہ، طلبہ، والدین اور ایگزامینر سمیت تمام سٹیک ہولڈر سے مل کر ٹیچنگ لرننگ، سکیم آف سٹڈیز، نصاب، کورس کے دورانیے، پیپر پیٹرن، پیپر چیکنگ، مارکنگ اور امتحانی نظام کے معاملات کا جائزہ لیں گی اور نہم جماعت کے غیر متوقع امتحانی نتائج کی وجوہات کا تعین کر کے 24 اکتوبر تک اپنی مفصل رپورٹ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو پیش کریں گی۔ کمیٹیاں اس سلسلے میں متعلقہ ریکارڈ تک رسائی بھی حاصل کر سکیں گی۔ دریں اثنا ڈاکٹر احتشام انور نے سرکاری گرلز ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولوں میں قائم سٹوڈنٹ کونسلوں کی نومنتخب صدور کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل سے طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی میں مدد اور انتظامی معاملات پر دسترس حاصل ہو گی۔ جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلیں ممد و معاون ثابت ہوں گی۔
کمیٹیاں تشکیل