عمران ‘بشریٰ ازواجی حیثیت سے متعلق نظر ثانی درخواست ناقابل سماعت ‘ خارج

Oct 03, 2023

 اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی شرعی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ،عمران خان اور بشری بی بی کی ازواجی حیثیت سے متعلق ایک مقدمہ میں نظر ثانی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی ہے، چیف جسٹس ، اقبال حمید الرحمن کی سربراہی میں جسٹس خادم حسین ایم شیخ اور جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور پر مشتمل شریعت بینچ نے سوموا رکے روز درخواست گزار شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر نظر ثانی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت فیملی کورٹ ایکٹ 1964کی سیکشن دس کے بارے میں فیصلہ دے چکی ہے،شریعت کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا فورم سپریم کورٹ شریعت اپیلیٹ بینچ ہے ،دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوگا کہ آپ شریعت اپلیٹ بنچ سپریم کورٹ میں رجوع کریں جبکہ جسٹس سید محمد انور نے کہا کہ شریعت کورٹ کے پاس نظرثانی کا اختیار سماعت محدود ہوتا ہے،علم کسی کی میراث نہیں ہے،آپ کسی وکیل سے مشورہ کر لیں تو زیادہ بہتر ہوگا، واضح رہے کہ درخواست گزار نے عمران خان کی ازواجی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے وفاقی شریعت کورٹ میں شریعت پٹیشن دائر کی تھی،جسے عدالت نے توہین آمیز اور لغو قرار دے کر خارج کردیا تھا،درخواست گزار نے اس فیصلے کے خلاف یہ نظر ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔

مزیدخبریں