میکسیکو (آئی این پی + این این آئی) میکسیکو میں چرچ کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 9 افراد ہلاک جبکہ 50 کے قریب زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی میکسیکو میں جتماع کے دوران ایک چرچ کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر کم از کم 9 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں رات گئے تک ملبے سے زندہ بچ جانے والوں اور زخمیوں کی تلاش میں مصروف رہیں ۔ تامولیپاس ریاستی پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے وقت چرچ میں تقریبا 100 لوگ موجود تھے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ میکسیکن کونسل آف بشپس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کہا گیا ہے کہ ہم ہلاک ہونے والے اور زخمی افراد کے لئے دعاگو ہیں۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں بشپ کے ڈاسیز نے کہا کہ اس وقت ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے ضروری کام کیا جا رہا ہے، آج ہم ایک بہت مشکل لمحے سے گزر رہے ہیں، ہم ان لوگوں کے دردناک نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں جو وہاں موجود تھے۔ ڈاسیز نے تقریبا 50 افراد کی فہرست بھی جاری کی جنہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا جن میں ایک چار ماہ کا بچہ، پانچ سال کے تین بچے اور دو نو سال کے بچے شامل تھے۔میکسیکو کی ایک شاہراہ پر تارکینِ وطن کو لے جانے والا ٹرک الٹنے سے کیوبا کے 10 تارکینِ وطن ہلاک جبکہ 25 زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی حکام کے مطابق میکسیکو کی ایک شاہراہ پر ٹرک کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 تارکینِ وطن ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے، حادثے میں خواتین کی تعداد زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔مقامی حکام کا کہناتھا کہ حادثے کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان تارکینِ وطن کا تعلق کیوبا سے تھا، کیوبا کے یہ تارکینِ وطن خفیہ طور پر امریکا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔دوسری جانب مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ میکسیکو میں ایک ہفتے کے دوران خفیہ طور پر امریکا پہنچنے والے تارکینِ وطن کے ساتھ پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔
میکسیکو: چرچ کی چھت گرنے سے 9 ، ٹرک الٹنے سے 10 تارکین وطن ہلاک
Oct 03, 2023