انقرہ(این این آئی)ترکیہ نے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کواٹر کے قریب ہونے والے خود حملے کے بعد شمالی عراق میں کرد عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کردش رووداو نیٹ ورک نے کہا کہ ترک طیاروں نے شمالی عراق میں قندیل پہاڑی علاقوں میں کردستان ورکرز پارٹی کے گڑھ کہلانے والے کئی دیہاتوں پر بمباری کی۔بعد ازاں ترکیہ کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ اس نے شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے)کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں اور 20 اہداف کو تباہ کر دیا ۔ یہ بمباری انقرہ میں ہونے والے حملے کا جواب ہے۔ ترکیہ نے انقرہ میں خود کش حملے کا الزام کرد علاحدگی پسندوں پر عائد کیا ہے۔ترکیہ کی وزارت داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ انقرہ میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سکیورٹی پر دہشت گرد حملے کے مرتکب افراد میں سے ایک کا تعلق کردستان ورکرز پارٹی سے تھا۔پیپلز ڈیفنس سینٹر کے حوالے سے بتایا گیا کہ کردستان ورکرز پارٹی کے فوجی دستے خالدین بریگیڈ نے انقرہ میں یہ کارروائی کی۔ پیپلز ڈیفنس سنٹر کی سینٹرل کمانڈ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاگیا کہ یہ آپریشن ترکیہ کی تمام جیلوں میں قتل عام، جبر، بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر انسانی طرز عمل اور کردستانی آبادی کو نہتا کرنے کی پالیسیوں کے خلاف انتباہ ہے۔