سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی روش کو قطعی طور پر غیر حقیقی اور متکبرانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر جیسے سیاسی مسئلے کا فوجی حل نہیں ہو سکتا۔ تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نعیم احمد خان نے ایک پیغام میں بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی سیاسی خواہشات کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا مطالبہ ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا ہے۔ حریت کانفرنس کے رہنما نے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے ہندوستان کے بے بنیاد دعووں کی تردید کی۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کریں۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی حریت پسند جماعتوں نے جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے بیانات میں حریت پسند جماعتوں جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، نوجوانانِ حریت جموں کشمیر، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم موومنٹ، ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی نے کہا ہے کہ عوام اپنی زمینیں یا کوئی اور جائیداد کسی بھی قیمت پر باہر کے لوگوں کو فروخت نہ کریں کیونکہ بی جے پی کی حکومت بھارتی فوج کی مدد سے جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔مسلمانوں کی شناخت کو کمزور کرنے اور وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔تعلیمی اداروں میں صبح کی دعا کے لیے ہندوتوا طریقہ متعارف کرانے کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا گیا ہے جس میں مسلمان طلبا کو ہندو بھجن گانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔