لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمدنے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود گرفتار کرنے پر توہین عدالت کیس پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی،عدالت کی مصروفیت کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی، عدالتی حکم پر ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سمیت دیگر افسران پیش ہوئے، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی جانب سے شان گل ایڈووکیٹ نے تحریری جواب عدالت میں جمع کروادیا، جواب میں دونوں افسران نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی ،اسلام آباد پولیس نے پرویز الہٰی کو گرفتار کیا تھا، لاہور پولیس نے گرفتار نہیں کیا،آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیاکہ پرویز الہی کو گرفتار نہ کرنے سے متعلق احکامات کے بارے میں علم نہیں تھا، پرویز الٰہی کی درخواست میں ہم فریق بھی نہیں تھے، جس کے باعث عدالتی احکامات کے بارے میں ہمیں علم نہیں تھا۔