لاہور+ میانوالی (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) نگران وزیراعلی محسن نقوی نے مقامی ہوٹل میں سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی نے سپیشل بچوں کو معاون آلات کی تقسیم کے پراجیکٹ کا بھی آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل بچوں کی خدمت کے کار خیر شریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سپیشل بچوں کا خیال رکھنا ہمارا دینی اور دنیاوی فرض ہے۔ جوہر ٹاو¿ن اور دیگر علاقوں میں نئے سپیشل سنٹر بنا رہے ہیں۔ سپیشل ایجوکیشن کے ہر پراجیکٹ کو بلا تاخیر منظور کیا جائے گا۔ سپیشل بچوں کے لئے کام کو فرض و عبادت سمجھ کر کیا جائے گا۔ گورنمنٹ پائلٹ سکو ل وحدت روڈ کا دورہ کیا۔ حالات دیکھ کر ذاتی طور پر بہت تکلیف ہوئی۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ میں 1650 بچے ہیں اور 60ٹیچرز تعینات ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے 60ٹیچرز میں سے 35الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی اور باقی چھٹیوں پر ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے 1650 طلبہ کو 10سے 15ٹیچرز پڑھا رہے ہیں۔ پائلٹ سکول کا معیار انتہائی ابتر ہے اور ہم لوگ ہی اس کے ذمہ دارہیں، بچوں کا کوئی قصور نہیں۔ سکول کے حالات ٹھیک کرنا ہمارا فرض ہے۔ معیار تعلیم اور سکول کی حالات کی ابتری کا ذمہ دار محکمہ تعلیم، سیکرٹری اور منسٹر بھی ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ میں اختر رسول، قاری صداقت علی، جنرل ظہیر، جنرل بلال اور جنرل نوید انجم بھی زیر تعلیم رہے۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کے ساتھ جتنا بدترین سلوک کیا جا سکتا تھا، کیا گیا۔ میٹنگ کر لیتے ہیں، پریس ریلیز جاری کردیتے ہیں اور سب اچھا کہہ دیتے ہیں لیکن حالات انتہائی برے ہیں۔ فلٹریشن پلانٹ کو چیک کیا، بچوں کو پانی کے نام پر زہر پلایا جا رہا تھا۔ ایک کلاس میں جا کر معلوم ہوا کہ بچوں کا اسلامیات کا پیپر ہے اور انہوں نے کچھ پڑھا ہی نہیں۔ کتابیں اور کاپیاں خالی پڑی ہوئی ہیں لیکن پڑھانے والا کوئی نہیں۔ بچوں نے بتایا کہ اگر کلاس میں ٹیچرز آئیں تو موبائل پر لگے رہتے ہیں یا سو جاتے ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ کی اس بری حالت کا ذمہ دار میڈیا بھی ہے کیونکہ انہوں نے اس مسئلے کو کبھی اٹھایا ہی نہیں۔ میڈیا جب کسی کام کے پیچھے پڑجاتا ہے تو اس کا پوری طرح پیچھا کرتا ہے۔ فرسٹ اور سکینڈ ائیر کے لئے 7سالوں میں ایک ٹیچر بھی تعینات نہیں ہوا۔ صرف اسی سکول کی بدترین حالت پورے محکمہ تعلیم کی عکاسی کرتی ہے۔ محکمہ تعلیم میں ساڑھے پانچ لاکھ ملازمین ہیں، سکول ٹھیک نہیں کر سکتے یا اس طرح سے چلانے ہیں تو بند کر دئیے جائیں۔ یہ ہمارے لئے سبق ہے کہ دفتر میں بیٹھ کر اچھے رزلٹ نہیں آتے۔ ہماری بھی یہ ناکامی ہے کہ ہمیں 8ماہ ہو گئے ہیں اور اس سکول کا آج پتہ چلا۔ محسن نقوی نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول وحدت روڈ کا دورہ کیا۔ بچوں سے ملاقات کی اور آشوب چشم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے آشوب چشم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے واٹر فلٹریش پلانٹ کا معائنہ کیا اور زنگ سے بھرے واٹر فلٹر دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سی ای او ایجوکیشن کی سرزنش کی۔ محسن نقوی نے صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر کو فوری طور پر سکول بلایا جبکہ سیکرٹری سکول، سی ای او ایجوکیشن کو بھی فوری طور پر طلب کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ اساتذہ کی کمی ہے تو آپ نے کنٹریکٹ پر کیوں بھرتی نہیں کی، یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی ہدایت پرمال روڈ لاہور کو گرد سے پاک سڑک بنانے پر کام کاآغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ساتھ مال روڈ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے ڈسٹ فری روڈ بنانے کے لئے گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگانے کے کام کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس منصوبے کی سائٹ پر جاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی میانوالی میں عیسی خیل کنڈل چیک پوسٹ پر د ہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار ہارون الرشید خان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جوانوں کاحوصلہ بڑھانے کے لئے کنڈل چیک پوسٹ کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہید ہارون الرشید خان کی رہائشگاہ میں ان کی والدہ، بھائیوں، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی اور اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔ محسن نقوی نے رہائشگاہ جانے والی سڑک کو شہید ہارون الرشید خان سے منسوب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 4کلو میٹر طویل سڑک کی فوری طور پر تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہارون الرشید خان کے دونوں بچوں کو بہترین سکولوں میں داخل کرایا جائے گا۔ پنجاب حکومت شہید کے دونوں بچوں کی تعلیم کے اخراجات ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید خان کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک پوسٹ کا جائزہ لیا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نشانات دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہارون الرشید چیک پوسٹ کنڈل کے ارد گرد حفاظتی دیوار بنانے کا حکم دیا۔ سپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کے افتتاح پر ایک سپیشل بچے نے محسن نقوی کو ہاتھ سے بنا ہوا ان کا پورٹریٹ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پورٹریٹ دیکھ کر خوش ہوئے اور ننھے مصور ابراہیم کو پیار کیا اور اپنی جیب سے 50 ہزار رو پے کا انعام دیا۔
سکول کا معیار ابتر تو ذمہ دار ہم : محسن نقوی
Oct 03, 2023