وفاقی کابینہ: لیفٹیننٹ جنرل منیر چیئرمین نادرا مقرر

Oct 03, 2023

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری+ خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہلال امتیاز (ملٹری) کو نیا چیئرمین نادرا مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔ انہوں نے 2010 کے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔ فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس سٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔ اس وقت وہ نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں۔ ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔ آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات شامل ہیں۔ میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلیجنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے تکامل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول کے ترمیمی معاہدے، ایریا سٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور کوروینس یونیورسٹی ہنگری کے سینٹرل ایشیا ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط، سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے، حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے اور لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارت تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سعودی ایجنسی تکامل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول ترمیمی معاہدے کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند افراد کےلئے بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے، افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئر مین کے لئے تین بہترین امید واروں کے نام شارٹ لسٹ کئے تھے۔ کابینہ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد نادرا کے نئے چئیرمین کے لئے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی 6 ستمبر 2023 اور 19 ستمبر 2023 ءکے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

مزیدخبریں