لاہور،گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر،نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرا لی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف 21اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لینڈ کریں گے،21اکتوبر کو نوازشریف ابوظہبی سے لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی نجی ایئر لائن کی پرواز 243کی ایڈوانس بکنگ کرا لی گئی،نجی ایئرلائن کی پرواز علامہ اقبال ایئرپورٹ پر شام 6بجکر 25منٹ پر لینڈ کرے گی، نوازشریف کیلئے بکنگ نجی ایئر لائن کی بزنس کلاس میں کرائی گئی ہے۔علاوہ ازیں 21 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے کے لیے مسلم لیگ ن کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی ہے ۔مینار جلسہ سے صرف نواز شریف ہی تقریر کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 21اکتوبر کو میاں نواز شریف کے وطن پہنچنے پر علامہ اقبال ایئر پورٹ استقبال نہ کرنے کےساتھ ساتھ مینار پاکستان میں جلسے کو بھی محدود کردیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 21اکتوبر کو مینار پاکستان جلسہ میں صرف میاں نواز شریف ہی تقریر کریں گے میاں شہباز شریف چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف سمیت کوئی پارٹی لیڈر تقریر نہیں کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ن لیگ کے خطاب سے قبل صدر ن لیگ لاہور سیف الملوک کھوکھرحاضرین کا شکریہ ادا کریں گے۔نواز شریف اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کو بیانیہ دیں گے،اورملکی معیشت کے حوالے ڈے گفتگو کریں گے۔