لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عدل جرائم اور ظلم کو روکتا ہے، عدل پاکستان کی ضرورت ہے، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر کے اگر کسی کے گھر میں پولیس گھس آئے توکیا وہ آگے سے کوئی جواب نہ دے، جناح ہاؤس ایک False آپریشن تھا۔ جو اس وقت ملک کے اندر ہو رہا ہے اس کو کون روکے گا۔ علماء مشائخ نے کوڈ میں پاکستان کو راستہ دکھایا اب بھی راستہ یہی دکھائیں گے۔ ایران قابل تعریف ہے، ایران نے ظلم کا بدلہ لیا لیکن آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، انہوں نے صرف ائر بیس پر حملہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ختم نبوت کی گولڈن جوبلی کے سلسلہ میں سندر شریف میں ہونے والی خاتم النّبیینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے کہا کہ عدل و انصاف اجتماعی طور پر قائم ہوتا ہے۔ کچھ عرصہ میں بڑے فیصلے ہوں گے۔ قوم کو باہر نکلنا ہو گا۔ قوم متحد ہو گئی تو انصاف ہو گا اور بے گناہ اسیران کو رہائی ملے گی۔ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ تمام سٹیک ہولڈرز، وکلاء اور سول سوسائٹی کو پیش کیا جائے، آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔