سیالکوٹ،نارنگ منڈی(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) قلعہ کالروالہ پل مالوکے قریب اراضی تنازع پر قتل ہونے والے سات افراد کا مقدمہ مدعی کی درخواست پر 8 نامزد اور 3 نامعلوم سمیت 11 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔ورثاء مقتولین کی نعشیں تحصیل مریدکے کے گاؤں ماڑی کلاں لے گئے جہاں نماز جنازہ ادائیگی کے بعدآہوں اور سسکیوں کیساتھ انہیںسپردخاک کردیاگیا۔ میتیں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔مرنے والوں کا تعلق نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں ماڑی کلاں سے ہے۔ مرنے والوں میں ڈسٹرک جیل لاہور میں وارڈن تعینات پنجاب پولیس کا ملازم نثار بھی شامل ہے۔ مقدمہ کے مدعی محمد اکرم نے بتایا وہ خاندان کے دیگر کے ہمراہ تحصیل ڈسکہ کے گاؤں اوٹھیاں میں ہمشیرہ کی نماز جنازہ کے شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے پل مالوکے کے قریب گاڑیوں پر سوار ملزم ذولفقار گھمن ٗ اسکے بیٹوں اور دیگر ساتھیوں نے روڈ بلاک کرکے ہم پر فائرنگ کر دی۔گولیاں لگنے سے بھائی بابر، محمد انور، نثار احمد، پیر سید اشفاق شاہ، فلک شیر، ماسٹر شفاقت علی اور محمد سلیم جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی ہدایت پرضلع شیخوپورہ اور ضلع سیالکوٹ میںپولیس کی ٹیمیں ملزموں کی تلاش کیلئے چھاپے ماررہی ہیں۔