لاہور (خبر نگار) اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الٰہی و دیگران کے خلاف کیس میں پیش نہ ہونے پر شریک ملزم حیدر، شفاقت کے ورانٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ چوہدری پرویز الہٰی عدالت میں پیش ہوئے لیکن شریک ملزم حیدر شفاعت کی غیر حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا اگر کوئی ملزم نہیں آتا تو اس کو اشتہاری ڈیکلیئر کیا جائے گا، کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا، وکیل ملزم نے موقف اپنایا کہ حیدر، شفاقت ہسپتال میں داخل ہے اس کا میڈیکل ہونا ہے،پراسکیوٹر نے کہا کہ یہ کیس میں تاخیری حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ آپ خود چھ چھ ماہ ضمانتوں میں ریکارڈ پیش نہیں کرتے، ائیرپورٹ پر آپ لوگوں کی جا کر حاضریاں لگاتے ہیں، پرویز الٰہی کو وہیل چیئر پر پیش کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا میں اور میری فیملی مضبوطی سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کے لئے باہر نکلتی ہے۔
غیر قانونی بھرتی کیس، پرویزالٰہی عدالت پیش، فرد جرم عائد نہ ہو سکی
Oct 03, 2024