اسلام آباد (آئی این پی) پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت انتشار کی سیاست پر عمل پیرا ہے، یہ سیاست پاکستان کو بہت مہنگی پڑ رہی ہے۔ بدھ کو الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے اکبر ایس بابر نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے ہر روز انتشار کی کال دی جاتی ہے، جیل سے کیسے اس قسم کے احکامات جاری کیے جا سکتے ہیں، لگتا ہے اڈیالہ جیل نہیں پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ہے۔ انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں ایک اہم کانفرنس ہونے جا رہی ہے، کانفرنس ملک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس لئے انتشار پھیلانے والوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، یہ بین الاقوامی ایجنڈا ہے، قانون پاس کریں کہ جب غیر ملکی شخصیت آئے یا کانفرنس ہو تو اسلام آباد میں دھرنے پر پابندی ہو۔ کے پی میں ان کو آخری موقع ملا ہے، مستقبل میں یہ موقع بھی نہیں ملنا۔ اکبر ایس بابر نے کہا انٹرا پارٹی کا معاملہ جمہوریت کی بنیاد ہے، سیاسی جماعتیں بادشاہتیں چاہتی ہیں۔ اچھی قیادت کو سامنے لانے کے لئے انٹرا پارٹی الیکشن بہت ضروری ہے، ورکرز کے آئینی حق کے لیے ہم نے آواز اٹھانی ہے، یہی وہ جنگ ہے جو ہم لڑ رہے ہیں۔