اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تشکیل نو کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر بحری امور قیصراحمد شیخ نے پائیدار انفراسٹرکچر پراجیکٹ کیلئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری سے متعلق سے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے جبکہ پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے ڈنمارک کے وزیر صنعت، کاروبار اور مالیاتی امور کی جانب سے دستخط شدہ ایم او یو پیش کیا۔ مفاہمتی یادداشت کے بعد مارسک ڈنمارک کی شپنگ کمپنی پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں تقریبا 2 بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔اس سے قبل پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کیلئے اتنی بڑی سرمایہ کاری سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ تقریب میں وزیر خزانہ محمد اور نگزیب، وزیر تجارت جام کمال، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر، وزیر توانائی اویس لغاری، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ نے کہا ہم میری ٹائم سیکٹر میں اس شاندار پیش رفت پر ڈنمارک کی حکومت کے بے حد مشکور ہیں۔ اس یادداشت کے نتیجے میں وزارت بحری امورتمام بندرگاہوں میں لاجسٹک کے نظام کو مربوط کرسکتی ہے، کراچی میں گہرے پانی کا کنٹینر ٹرمینل قائم کرسکتی ہے، بین الاقوامی بحری تنظیم اوریورپی یونین کے معیار کے مطابق گڈانی میں جہازوں کی ری سائیکلنگ کی سہولیات بہتربناسکتی ہے، پاکستان میرین اکیڈمی کے نصاب اور دیگر چیزوں میں جدت کے لانے کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں کو مسلسل تکنیکی اور تربیتی مدد فراہم کرے گی۔ پاکستان میں ڈنمارک کے سفیرجیکب لنلف نے بھی اس پیش رفت پر حکومت پاکستان اور وزیربحری امور کا شکریہ ادا کیا۔