پٹرولیم مصنوعات میں کمی سے عوام کوریلیف ملنا شروع ہوگیا : عظمیٰ بخاری 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے مسلسل پانچویں مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کرا دی گئی ہے۔کرایوں میں 20 روپے سے 190 روپے تک کمی کرائی گئی ہے۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر عوام کیلئے کرایوں میں کمی کی جاتی ہے۔  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافروں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کے کرائے میں 190 روپے کمی کر دی ہے۔ لاہور سے پشاور تک کے کرائے میں 50 روپے اور لاہور سے راولپنڈی کے کرائے میں 20 روپے کمی کر دی ہے۔ کرایوں میں کمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔ تمام بس اڈوں پر نئے کرایہ ناموں کے بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ہم پنجاب کے ٹرانسپورٹرز حضرات کے بھی مشکور ہیں جو پنجاب حکومت کیساتھ تعاون کرتے ہیں۔ مریم نواز کی حکومت آنے کے بعد پنجاب میں پٹرول سستا ہونے پر کرایوں میں کمی ہو رہی ہے۔  باقی صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کی تقلید کرتے ہوئے پٹرول و ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کرنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن