اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک کے جاری منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور چین کے وزیر اعظم کے متوقع دورے کے پیش نظر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور لائحہ عمل کی تیاری پر زور دیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تمام منصوبوں میں تمام وزارتوں کا کردار کلیدی ہے، انہیں ہر قدم پر آن بورڈ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے بی ٹو بی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ٹھوس نتائج حاصل کرنا اہم ہے، اس لیے تمام وزارتیں اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ انفراسٹرکچر، روڈ کنکٹیویٹی، آئی ٹی، زراعت، صنعت و تجارت، تعلیم، صحت، آبی وسائل، توانائی، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسے شعبوں میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی سرمایہ کاری اور مالی امداد پاکستان کی مشکلات میں مبتلا معیشت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔