اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ وقائع نگار) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی سمٹ کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت داخلہ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سربراہی اجلاس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سمٹ میں کئی سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کو SCO سمٹ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کو اسلام آباد بیوٹیفکیشن پلان، جناح کنونشن سینٹر (JCC) کی تزئین و آرائش، VIP روٹس کی تعمیر ومرمت اور بین الاقوامی وفود اور معززین کے لئے سکیورٹی اور رہائش کے انتظامات پر بریفننگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ SCO سمٹ پاکستان کا سافٹ اور مثبت امیج دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔