اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کے تین روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم انور ابراہیم کو پھول پیش کئے جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ واضح رہے کہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ ہے۔انور ابراہیم صدر زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو اور دونوں ممالک کے مابین شراکت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو گی۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔