اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے معروف سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی اور وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پر مغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔ شہباز شریف نے 2006ء میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہا کہ میں نے 1991ء میں پہلی بار پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پر بنا ہے۔ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔ میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔ پاکستان آکر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ اپنے دورے میں امن کا پیغام پھیلاؤں گا۔ تمام لوگ قرآن مجید کو روزانہ ترجمے کے ساتھ پڑھا کریں۔ قرآن مجید دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے۔ پاکستان کے عوام کا اسلام کے حوالے سے جذبہ بہت گہرا ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران مختلف شہروںکے دورے کروں گا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی پہنچ گئے۔