پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے حکومت پر آئینی ترمیم کیلئے کروڑوں روپے دیکر اراکین کی وفاداریاں تبدیل کروانے کا الزام لگا دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کیلئے اسی پارلیمنٹ سے نمبر پورے کریں گے۔اس پر تحریک انصاف کے جنید اکبر خان نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا یہ ممکن ہے کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی ضرورت ہی نہ رہے کیونکہ حکومت آئینی ترمیم کیلئے وفاداریاں تبدیل کروانے کیلئے 50 50 کروڑ کی پیشکش کررہی ہے۔جنید اکبر خان نے کہا کہ ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کیلئے ڈی سی اسلام آباد کو این او سی کیلئے درخواست نہیں دی گئی کیونکہ ہمیں اجازت نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر احتجاج ضرور کریں گے اب ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے کہ ہمارے خلاف ایف آر کاٹی جائیں کیونکہ ہمارے خلاف پہلے ہی بہت ایف آر کاٹی جا چکی ہیں۔مسلم لیگ ن کے بیرسٹر عقیل نے پنجابی زبان میں کہا اِن کا ایف آرز کا جھاکا لے گیا ہے (یعنی ایف آئی آررز کا خوف ختم ہوگیا ہے)۔