وزیراعظم سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات، علاقائی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو

Oct 03, 2024 | 16:22

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم عزت مآب داتو سری انور ابراہیم نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اور ملائیشین ہم منصب نے دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ بھی کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لئے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔

دوسری جانب ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیر مقدم کیا اور پاکستان، آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت  بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انور ابراہیم وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور کابینہ اراکین سے تعارف کروایا۔مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ انور ابراہیم نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جاری کردہ پیغام میں ملائیشین ہم منصب کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کو گہرا کرنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کے منتظر ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا دورہ پاکستان امن، خوشحالی اور علاقائی ترقی کے لئے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا دونوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مزیدخبریں