پشاورمیں دہشتگردوں نے امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کو امریکن کلب جاتے ہوئے نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے آبدرہ روڈ پرشرپسندوں نے بارود سے بھری کارغیرملکی گاڑی سے ٹکرادی گئی جس کے نتیجے میں زورداردھماکہ ہوا۔ دھماکے میں دوامریکیوں سمیت چارافراد موقع پرہلاک جبکہ چارخواتین سمیت اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوخیبرٹیچنگ ہسپتال متنقل کردیا گیا، دھماکے سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی جبکہ جائے وقوعہ پرساڑھے پانچ فٹ گہرا گڑھا پڑگیا۔ سی سی پی اوپشاورامتیازالطاف کے مطابق خود کش کاربم حملے میں ایک سو دس کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ میڈیا سے گفتگو میںصوبائی وزیراطلاعات میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے دوافراد امریکی شہری تھے تاہم کچھ دیر بعد ہی وہ اپنے بیان سے مکر گئے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے بعد انہوں نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ کی گاڑی میں سوار چار افراد بلٹ پروف کار میں جاچکے ہیں اسلئے معلوم نہیں ہوسکا کہ مرنے والے امریکی تھے یا نہیں۔ جائے وقوعہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئیرصوبائی وزیربشیربلورنے کہا کہ دہشتگردی کی جڑختم کیے بغیرقیام امن ممکن نہیں۔ دوسری جانب صدرآصف زرداری نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیرداخلہ رحمان ملک نے آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔