علی گیلانی چوتھی مرتبہ چیئرمین حریت کانفرنس منتخب‘ بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

علی گیلانی چوتھی مرتبہ چیئرمین حریت کانفرنس منتخب‘ بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

سرینگر (کے پی آئی+آن لائن) سید علی گیلانی چوتھی بارکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔ آئندہ تین برس کیلئے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ رہنماسید علی گیلانی نے آئندہ انتخابات کے بائیکاٹ کیلئے گھر گھر مہم چلانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ خود انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ہی کافی نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے عوامی مہم چلانے کی ضرروت ہے۔ بھارت نواز سیاسی پارٹیوں اور شخصیات کو قبضہ کے حامی کے نام سے موسوم کرتے ہوئے علی گیلانی نے کہاکہ بھارت کے قبضے کی حامی سیاسی پارٹیاں اور لیڈران کبھی بھی کشمیریوں کے ہمدرد نہیں ہوسکتے ہیں اور انہیں ووٹ کے ذریعے اپنے سروں پر مسلط کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے من موہن سنگھ کی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ یہاں کے ووٹ اپنے فوجی قبضے کے جوازکیلئے استعمال کئے۔ علی گیلانی نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ بھارت کی وعدہ خلافیوں اور سازشوں کی پیداوار ہے جو انہوں نے دو قومی نظریہ پر تقسیم ہند کے وقت کشمیری قوم کے ساتھ کئے۔ محض فوج اور طاقت کے بل پر ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے چند کوتاہ اندیش لیڈران نے بھی بھارت کی چالوں کے خلاف اقدامات نہیں کئے۔ علی گیلانی نے کہاکہ میں نے اپنے سن بلوغت سے آج تک کبھی بھی ایسا نہیں دیکھا کہ دلی میں چاند دیکھا گیا ہو اور ہم نے عید منائی ہو یا روزے رکھے ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور مذہب اور رہن سہن سب کا سب پاکستان کے ساتھ منسلک ہے اور اسی رشتے کی بنیاد پر بھارت سے آزادی کیلئے ہم جدوجہد کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
علی گیلانی

ای پیپر دی نیشن