پاکستان پڑوسی کا فرض نبھانے میں ناکام رہا، مذاکرات نہ کئے جائیں: سلمان خورشید

نئی دہلی(کے پی آئی) بھارت کے سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید  نے پاکستان پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پڑوسی کا فرض نبھانے میں ناکام ہو گیا ہے اس لئے بھارتی حکومت کو اس کے خلاف سخت رخ اختیار کرنا چاہیے جبکہ فی الحال بات چیت کا دوبارہ عمل شروع کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ  نے کہا کہ پاکستان کی چالوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ وہ بہتر پڑوسی ملک ثابت نہیں ہو پا رہا۔ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارتی حکومت کو سخت سٹینڈ لے کر پاکستان سے بات چیت میں فی الحال  جلد بازی سے دور رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس قسم کے سخت اقدامات اٹھانے چاہیئں کہ پاکستان کو اپنی غلطیوں کا احساس ہو جائے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارتی حکومت کو مثبت اپروچ اختیار کر کے پاکستان کو یہ واضح پیغام دینا ہو گا کہ اس کی بھارت مخالف کارروائیاں حد سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن