اسلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ارکان کے معاملے پر مفاہمت کے منتظر تھے، اس سلسلے میں ایوان نے جو فیصلہ کیا وہی ان کا فیصلہ بھی ہوگا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمن کے اظہار خیال پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنما ان کی غیرموجودگی میں استعفے ان کے چیمبرمیں جمع کرائے۔ اس موقع پر جن لوگوں نے گالیاں دیں یہ ان کی تربیت ہوگی تاہم ہم ایسا نہیں کریں گے۔ وہ استعفوں کے معاملے پر مفاہمت کے منتظر تھے، قانون کی رو سے انہیں یہ دیکھنا ہے کہ کہیں انہوں نے استعفے دباؤ میں تو نہیں دیئے۔ اس سلسلے میں ایوان جو فیصلہ کرے گا وہی ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنی تقریر کے دوران سپیکر سے شکوہ کیا تھا کہ انہوں نے تحریک انصاف کے استعفے کیوں منظور نہیں کئے۔