اسلام آباد (نیٹ نیوز + آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے اپنا دورئہ برطانیہ منسوخ کردیا جہاں انہیں نیٹو سمٹ 2014 میں شرکت کے لئے جانا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف کو نیٹو کے جنرل سیکرٹری اینڈرس فوغ راسموسین کی جانب سے سمٹ 2014 میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ سفارتی ذرائع نے بتایا موجودہ سیاسی بحران کی وجہ سے وزیراعظم نے اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے اور اب جونیئر سفارتی عہدیدار اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ کانفرنس میں افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے معاملات کو زیر غور لایا جائے گا۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم ہائوس کے ترجمان نے نجی ٹی وی چینلز کی وزیر اعظم نواز شریف کے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کی رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم کا ایسا کوئی طے شدہ دورہ نہیں تھا۔ نجی ٹی وی چینلز نے دعویٰ کیا تھا وزیر اعظم نے اسلام آباد میں دھرنوں کی فضا اور موجودہ سیاسی بحران کے پیش نظر اپنا برطانیہ کا دورہ منسوخ کر دیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورہ میں 4 اور 5 ستمبر کو ہونے والی نیٹو کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔ تاہم وزیراعظم ہائوس کے ترجمان نے ان رپورٹس کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا برطانیہ کا کوئی ایسا دورہ طے نہیں تھا۔