واشنگٹن (صباح نیوز) ریپبلکن صدارتی امیدوار جیب بش نے مسلسل ذاتی حملوں کے بعدپہلی بار اپنے مدمقابل ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف براہ راست سخت جملوں کا استعمال کیا ہے۔ ایک ویب ویڈیو میں جیب بش نے پارٹی کے سرفہرست امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن اور ان کے عالمگیر ہیلتھ کیئر سسٹم، زیادہ ٹیکسز اور اسقاط حمل کی جزوی حمایت میں اپنے الفاظ کے استعمال کا حوالہ دیا جس کی مدد سے وہ ثابت کرنا چاہ رہے تھے کہ وہ قدامت پسند نہیں ہیں۔ گزشتہ روز ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں جیب بش نے سوال اٹھایا کہ ٹرمپ ریپبلیکن ہیں یا ڈیموکریٹ، انہوں نے کہا کہ آپ حیراں رہ جائیں گے اگر میں کہوں کہ بہت سے مسئلے پر میں خود کو ڈیموکریٹ خیال کرتا ہوں۔ باسٹھ سالہ بش ر یپبلکن پارٹی کے ان صدارتی امیدواروں میں شامل ہیں جن کی ساکھ کو ڈونالڈ ٹرمپ نے موسم سرما میں ہونے والے پرائمری مقابلے کے دوران نقصان پہنچایا۔ حالیہ اوسط سروے کے مطابق جیب بش 9.5 فیصد کی مقبولیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ڈونالڈ ٹرمپ 26.5 فیصد کے ساتھ سرفہرست اور معروف (ر) سرجن بین کیرسن 12 فیصد مقبولیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ فلوریڈا کے سابق گورنر نے ویڈیو اور دیگر بیانات میں واضح کیا کہ وہ ٹرمپ کی راہ میں آئیں گے۔ بش کا یہ ویڈیو ٹرمپ آرگنائزیشن کے ویب ویڈیو جاری ہونے کے اگلے ہی روز منظر عام پر آیا ہے جس میں بش کی امیگریشن کے حوالے سے پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔