لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سیکرٹری شہباز سینئر نے کہا ہے کہ پہلی ترجیح سینئر نہیں جونیئر ٹیم ہے، طاہر زمان کو رشتے داری کی بنا پر نہیں ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ ہونے کی بنا پر جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حکومتی آشیرباد سے نامزد ہونے والے سیکرٹری نے اعتراف کیا کہ تین چار سال تک بیرون ملک تعیناتی کی وجہ سے مجھے کھلاڑیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ کون اور کہاں اچھے کھلاڑی اس وقت موجود ہیں۔ نئی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کے ارکان کی ذمہ داری ہوگئی کہ وہ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔ جونیئر ٹیم اگلے ماہ ملائیشیا میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کرئے گی جس میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بلایا جائے گا۔ بطور سیکرٹری میرا کام ٹیم مینجمنٹ، سلیکشن کمیٹی اور کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاہم رزلٹ کی ذمہ داری میرے اوپر نہیں ہوگی۔ ماضی کی فیڈریشن اپنے دور میں میرا نام استعمال کرتی رہی ہے تاہم ان کے کسی فیصلے میں شریک نہیں رہا ہوں۔ اب میرے اوپر بھاری ذمہ داری آئی ہے جس میں مجھے ساتھیوں کی سپورٹ کی ضرورت ہوگی۔ جہاں تک فنڈز کا مسئلہ ہے تو اس کے لیے فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کوشش کر رہے ہیں امید ہے کہ فنڈز کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔