لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے بات کرونگا۔ پارلیمنٹ میں سب کرپشن کے معاملے پر جمہوریت کا نام استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے کو تحفظ دے رہے ہیں یہی کھیل پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بھی شروع ہونے جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم پاکستان اور ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفر اللہ خان جمالی نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے پیٹرن انچیف وزیراعظم میاں نواز شریف ہیں انہوں نے مجھے ہاکی کے معاملات کو دیکھنے اور مشاورت و رہنمائی کے لئے کہا تھا۔تمام اہم عہدوں پر تعیناتی کے لئے مشاورت کے لئے کہا تھا لیکن جو فیصلے کئے گئے ہیں وہ ناقابلِ قبول ہیں۔ ہم نے پیٹرن انچیف کو قومی کھیل کی بحالی کیلئے پلان بنا کر دیا تھا۔ اب جو کچھ ہو رہا اور جو ہونے جا رہا ہے یہ طے شدہ پروگرام اور معاملات سے ہٹ کر ہے۔ سب جانتے ہیں فیڈریشن میں مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں تمام معاملات کا احتساب ضروری ہے۔
ہاکی فیڈریشن کی کرپشن پر وزیر اعظم سے بات کرونگا: میر ظفر اللہ خان جمالی
Sep 03, 2015