الیکشن کمشن ارکان استعفے دیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک روز کرائے جائیں: ق لیگ

Sep 03, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ایک ہی دن کرائے جائیں، الیکشن کمشن کے چاروں ممبران مستعفی ہوں۔ گزشتہ روز مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی صدارت میں ہونے والے پارٹی کے تنظیمی اجلاس میں ان مطالبات کے علاوہ گوجرانوالہ اور قصور میں کسان کنونشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 6 ستمبر بھرپور طریقے سے منایا جائیگا۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ طے پایا کہ 16 ستمبر کو گوجرانوالہ میں پہلا کسان کنونشن اور دوسرا کنونشن قصور میں منعقد کیا جائے گا جس کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم سازی کے سلسلے میں چودھری شجاعت اور مشاہد حسین سید کی صدارت میں تمام صوبوں میں کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس نے قرار دیا کہ بجلی اور پانی کے بحران کا واحد حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے۔ اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کو گرینڈ الائنس بنانے کا اختیار دیا گیا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ، رانا مشہود کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا اور الزام عائد کیا گیا کہ نندی پور پراجیکٹ میں 80 ارب کا نقصان ہوا۔
ق لیگ

مزیدخبریں