ایران نے بھی پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کر دی

اسلام آباد (آن لائن) ایران نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں حصہ بننے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان مارکیٹوں، سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت تجارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ پاکستان نے ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کے لئے اور سرحدی مارکیٹوں کے استحکام ، ریلویز اور سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور بارڈر کراسنگ پوائنٹ کی اپ گریڈیشن کے لئے شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس بارے پاک ایران جوائنٹ ورکنگ گروپ اور تجارت بارے ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس گزشتہ دنوں منعقد ہوا۔ طرفین نے سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لئے سٹرٹیجک پلان پر بھی غور کیا۔ یہ ملاقات عالمی برادری کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کے اٹھائے جانے کے تناظر میں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق طرفین نے دوطرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔ جبکہ متوقع فریٹ ٹرینوں کے آپریشن پر بھی غور کیا گیا اور ایرانی وفد کو یادہانی کرائی گئی کہ رواں سال مئی میں زیدان کے اجلاس میں پاکستان نے باقاعدہ بنیادوں پر سروس شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ وزارت تجارت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد تمام تجاویز کو اپنے ملک کے متعلقہ حکام کو پہنچائے گا اور فیصلوں بارے آگاہ کرے گا۔ ایران خود کو راہداری منصوبے سے جوڑنا چاہتا ہے تاکہ علاقائی ممالک کے ساتھ اپنی مارکیٹوں کو وسعت دے سکے۔

ایران/ رضا مندی

ای پیپر دی نیشن