اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو امریکی نائب وزیر خزانہ سارہ بلوم رسکن نے ٹیلی فون کیا۔ امریکی نائب وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے ڈاکٹر جم یونگ کم کو دوبارہ صدر منتخب کرنے کی حمایت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی بنک اور ڈاکٹر جم ترقی میں پاکستان کے پارٹنرز ہیں۔ امریکی نائب وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ پروگرام کی کامیاب تکمیل کی بھی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ او ای سی ڈی نے پاکستان کو ٹیکس معاملات میں کثیر القومی کنونشن پر دستخط کرنے کی دعوت دی ہے۔ امریکی نائب وزیر خزانہ نے اس کو بڑی کامیابی قرار دیا۔ امریکی وزیر اور اسحاق ڈار نے اکتوبر میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے مشترکہ اجلاس کے دوران دوطرفہ ملاقات پر اتفاق رائے کیا۔ دریں اثناء آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے بھی وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
امریکی نائب وزیر خزانہ کا اسحاق ڈار کو فون‘ اکتوبر میں ملاقات پر اتفاق
Sep 03, 2016