اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز اور میڈیا کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مزید سکیورٹی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو یہاں میڈیا ہائوسز کے سکیورٹی ایشوز کے حل کیلئے قائم کی گئی وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحافی برادری کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے اور جرنلسٹ ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2016ء کی تیاری کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ میڈیا کے کارکنوں کے جائز مطالبات پورے ہو سکیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بل میں انڈائومنٹ فنڈ سے متعلق شقیں، جانی نقصان یا زخمی ہونے کی صورت میں معاوضہ اور انشورنس سکیم شامل ہے جس کا مقصد میڈیا کی صنعت اور اس میں کام کرنے والے کارکنوں کی پائیدار ترقی اور تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہائوسز کا تحفظ اور کارکنوں کی سلامتی و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ میڈیا ہائوسز کے سکیورٹی خطرات کا تفصیلی تجزیہ کریں۔ انہوں نے کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عمل کی نگرانی کیلئے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ محسن شاہ نواز رانجھا کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات کی زیر نگرانی ادارہ پاکستان پیس کولیکٹیو پراجیکٹ ٹیم کی جانب سے ایک تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز دی تاکہ میڈیا کارکنوں کو کشیدہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور رپورٹنگ کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر پی آئی ڈی، ڈائریکٹر جنرل آئی پی ونگ وزارت اطلاعات و نشریات، چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے ہوم اور اطلاعات کے سیکرٹریوں، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔