عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا نوٹس لے: خواجہ آصف

Sep 03, 2016

اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ٗ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مسلم دشمنی تاریخی ہے جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر کشمیر پر بھارت سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی تاہم بھارت نے پھر اپنی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھا، گذشتہ چند ماہ سے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جہاں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں بھی کی جا رہی ہیں جو باعث تشویش ہے جس پر عالمی برادری سمیت تمام انسانی حقوق کی تنظیموں کو نوٹس لینا چاہیے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بربریت کو روکنے کیلئے اپناکردار ادا کرنا چاہیے، ہم بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے ثبوت پہلے بھی اقوام متحدہ کو فراہم کر چکے ہیں۔ پیلٹس گن کے استعمال سے کشمیری نوجوانوں کو اندھا کیا جا رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

مزیدخبریں