لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے کرپشن میں ملوث فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے ایس ڈی او کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ایس ڈی او نے سپریم کورٹ رجسٹری سے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر ایف آئی اے نے ملزم کو پکڑ لیا۔ سپریم کورٹ رجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم محمد یٰسین کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے رضا آباد سب ڈویژن کے لائن مین محمد زاہد، لائن سپرنٹنڈنٹ محمد رفیق کیخلاف واپڈا کی تاریں، میٹر اور دیگر سامان چوری کرنے اور اسے مارکیٹ میں فروخت کرنے کا مقدمہ درج کیا اور مقدمے میں ایس ڈی او کو بھی ملوث کر دیا۔ جبکہ ایس ڈی او کا اس کرپشن سے کوئی تعلق نہیں۔ ایف آئی اے کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ذکریا شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایس ڈی او سمیت تمام ملزم کرپشن میں ملوث ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی جس پر ملزم ایس ڈی او نے رجسٹری سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ایف آئی اے اہلکاروں نے ملزم کو سپریم کورٹ رجسٹری سے گرفتار کر لیا۔
کرپشن میں ملوث فیسکو ایس ڈی او کی درخواست ضمانت مسترد، فرار کی کوشش پر ملزم پکڑا گیا
Sep 03, 2016