پشاور+مردان(آن لائن+نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مردان دھماکوں سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تمام تر دعوئوں کے باوجود صورتحال ٹھیک نہیں،صوبائی اور مرکزی حکومتیںسیاست سے بالا تر ہو کر امن وامان کے قیام کے لیے ایک صفحہ پر آجائیں اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔مردان پر حملہ اسلام آباد پر حملہ تصور کیا جائے ،امن نہیں ہوگا تو کہاں کی سیاست ہوگی اور کہاں کا کاروبار ،کیسے ہم ترقی کرینگے اور کیسے ہم سکون کا سانس لے سکیں گے ،سیاسی جماعتیں بھی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور عوام صبر وبرداشت کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیںمرکزی و صوبائی حکومتیں دیگر مسائل پر لڑنے کی بجائے امن کے قیام پر توجہ دیں۔ حکومت سب ٹھیک ہے کی رٹ لگارہی ہے لیکن واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے،حکومت اب تک یہ بتانے میں ناکام رہی ہے کہ ان واقعات کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے ،قوم کو توقع تھی کہ نیشنل ایکشن پلان کے نتیجے میں امن قائم ہوگا لیکن آج کے واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ جو جہاں جس وقت کرنا چاہے وہ اپنا کام کرلیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان دھماکہ کے بعد جان بحق ہونے والے وکلا کے لئے فاتحہ خوانی، کچہری اور ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔