امریکہ، بھارت قربتیں سی پیک منصوبہ سبوتاژ کرنے کیلئے ہیں:اعجازبٹ

لاہور (کامرس رپورٹر) ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے مفادات بالائے تاک رکھ کر قومی مفادات کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے، امریکہ اور بھارت کی بڑھتی قربتیں پاکستان کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے، دونوں ممالک کا مین حدف سی پیک اور پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ فائونڈرز گروپ لاہور چیمبر آف کامرس کے چیئرمین اعجاز بٹ، میاں اشرف، میاں مصباح الرحمان، شیخ آصف اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فائونڈرز گروپ خواجہ خاوررشید نے کہا ہے کہ خطے میں بدلتی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاست دان اور قومی ادارے ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کی بجائے ملکی استحکام اور سلامتی کیلئے ایک پیج پر آ جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیاں ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرنے اورایک دوسرے کو لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرنے کا نیا معاہدہ پاکستان کیلئے خوش آئند نہیں ہے، بھارت اس معاہدہ کی آڑ میں نہ صرف پاکستان کیلئے بلکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کیلئے بھی مشکلات کھڑی کر سکتا ہے۔ پاک چین لازوال دوستی ہمیشہ سے ہی امریکہ اور بھارت کی نفرت اور تخریب کاری کا شکار رہی ہے مگر سی پیک کا آغاز ہونے کے بعد سے ہی یہ دونوں ممالک اس منصوبہ بندی میں لگ گئے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح اس منصوبہ کو سبوتاژ کر کے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی جائے۔

ای پیپر دی نیشن