کے الیکٹرک مستقبل کے معماروں کی جان کی دشمن بن گئی ،حافظ نعیم

Sep 03, 2018

کراچی (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ملک کے مستقبل کے معماروں کی جان کی دشمن بن گئی ہے ، کے الیکٹرک کے مالکان اور چیئر مین کی مجرمانہ غفلت کے باعث عمر اور حارث جسمانی طور پر معذور ہوگئے ہیں ، جو ناقابل تلافی نقصان ہے، حکومت کے الیکٹرک کو فوری طور پر قومی تحویل میں لے ،چیف جسٹس معاملہ کا فوری نوٹس لیں ، کے الیکٹرک کو بچوں کا مکمل علاج و معالجہ اور ان کو فی کس 5 ، 5 کروڑ روپے دلوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال کے دورہ کے موقع پر کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت کے باعث جسمانی طور پر معذور حارث ولد عبدالقیوم اور عمر ولد عارف سے برنس وارڈ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے رہنما نصیر اللہ حسینی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ بچوں کی ہر ممکن معاونت کرے گی ، جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف اپنی تحریک مطالبات پورے ہونے تک جاری رکھے گی ، مجرمانہ غفلت سے بازو گنوانے والے بچوں کو کے الیکٹرک مصنوعی اعضا لگوائے ۔ انہوں نے بچوں کے والدین کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں انصاف کی فراہمی تک ان کے ساتھ ہیں ۔

مزیدخبریں