یمنی فورسزنے ایرانی ساختہ مواصلاتی آلات کی بھاری کھیپ برآمدکرلی

Sep 03, 2018

صنعاء (این این آئی)یمن کی سرکاری فوج نے ملک کے مختلف مقامات پر ایران نواز حوثی باغیوں کے ٹھکانوں سے ایرانی ساختہ جاسوسی اور مواصلاتی آلات کی بھاری مقدار برآمد کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر عبدہ مجلی نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں میں تلاشی کے دوران ایرانی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود ، بھاری مقدار میں وائر لیس مواصلاتی آلات اور جدید ترین جاسوسی کے آلات قبضے میں لیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ ایران پر حوثی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی کا الزام عاید کیا جاتا ہے مگر یہ پہلا موقع ہیکہ حوثیوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید ترین ایرانی مواصلاتی اور جاسوسی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ آلات جاسوسی صعدہ کے مختلف مقامات سے قبضے میں لیے گئے۔ صعدہ گورنری یمن میں حوثی باغیوں کا گڑھ سمجھی جاتی ہے۔بریگیڈیئر عبدہ مجلی نے بتایا کہ حوثی ایرانی ساختہ جاسوسی کے آلات کی مدد سے یمنی فوج کی نقل وحرکت، الحدیدہ الصلیف بندرگاہوں پربحری جہازوں اور دیگر سرگرمیوں اور کھلے سمندر میں عالمی جہاز رانی کی مانیٹرنگ کرتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں