لاہور(سپورٹس ڈیسک )ساوتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 60 رنز سے ہراکر سیریز میں1-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ۔ چوتھے روز بھارتی ٹیم 245 رنز کے تعاقب میں 184 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی معین علی نے 4 شکار کیے اور اینڈرسن اور اسٹوکس کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔انگلش ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 260رنز 8 وکٹ پر دوبارہ شروع کی تو ان کی پوری ٹیم 271رنز پر آئوٹ ہوگئی اور بھارت کو جیت کے لیے 245رنز کا ہدف مقرر کیا۔انگلش ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر جوس بٹلر 69رنز ،کپتان جو روٹ 48 اور آل رائونڈر ثام کیوران 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بھارتی بولرز کی جانب سے محمد شامی نے 4 اور اشانت شرما نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیم کی پہلی اننگز 246پر سمٹ گئی جس میںثام کیوران 78رنز کے ساتھ نمایاں رہے،بھارت نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 273بنائے جس میں چتیشور پجارا سنچری سکور کرتے ہوئے 132رنز بنائے اورمیچ کے آخر تک اپنی ٹیم کی دونوں اننگز سمیت میچ کے ٹاپ سکورر رہے تھے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 7 ستمبر سے اوول کرکٹ گرائونڈ میں شروع ہو گا۔