لاہور(سپورٹس ڈیسک) ماریا شراپووا، سیبل کووا، ایرینا سبالینکا اور نائومی اوساکا پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں، پیٹرا کویٹووا اور اینجلیق کربر شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔امریکہ میں جاری میگا ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے ویمنز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں روس کی گولڈن گرل ماریا شرا پووا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلینا اوسٹا پینکو کو 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، سیبل کووا بھی تیسرا مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے جرمنی کی اینجلیق کربر کو شکست فاش سے دوچار کیا، بیلاروس کی ایرینا سیبالینکا نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا کو 7-5 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔جاپان کی نائومی اوساکا بھی سرخرو رہیں، انہوں نے ساسنووچ کو شکست دی۔ راجر فیڈرر، نوواک جوکووک، کائی نیشکوری اور ڈیوڈ گوفن مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے آسٹریلوی کھلاڑی نک کرجیئس کو 6-4، 6-1 اور 7-5 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، سربین کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووک نے حریف فرانسیسی کھلاڑی رچرڈ گیسکوئٹ کو 6-2، 6-3 اور 6-3 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے ارجنٹائنی کھلاڑی ڈائیگو کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ ڈیوڈ گوفن نے سٹرف کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، مرین سیلک نے مائی نار کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جائو سوزا اور فلپ بھی اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
یو ایس اوپن: شرا پووانے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، کویٹووا‘ کربر کو شکست
Sep 03, 2018